
غزہ: انروا نے غزہ میں بیماری اور بھوک کے باعث ہونیوالی اموات کو وزارت صحت کی رپورٹ سے کہیں زیادہ بتایا ہے۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کے میڈیا ایڈوائزر عدنان ابو حسنہ نے بتایاکہ بہت سے بیمار اور بھوکے افراد خاموشی سے مرجاتے ہیں اور بغیر اندراج کے خیموں یا اس کے آس پاس دفن کردئے جاتے ہیں۔
اُنہوں نے کہاکہ سرکاری اعداد و شمار صرف ان لوگوں کا احاطہ کرتے ہیں جو اسپتالوں اور کلینک تک پہنچتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ میں صحت اور انسانی نظام دونوں تباہ ہونے سے اموات کی شرح میں تیزی آرہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بیماری کا پھیلاؤ اسرائیل کی طرف بھی پہنچ سکتا ہے۔ ابو حسنہ نے کہا کہ کمزور قوت مدافعت کی وجہ سے فلسطینیوں کے جسم بیماری کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت کھو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں خطرناک وائرس اور بیکٹیریا پھیل رہے ہیں جو موت یا فالج کا سبب بن سکتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ گردن توڑ بخاراور ہیپاٹائٹس جیسی بیماریاں واپس آسکتی ہیں جو پہلے ختم ہو چکی تھیں۔


































