
بیروت : حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصرالله نے امریکا کی ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹی کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیا۔ یوم شہدا پر اپنے خطاب میں حسن نصراللہ نے کہا کہ ڈیموکریٹس اور ریپبلکن دونوں حکومتوں نے جنگیں اور حملے شروع کئے۔ ہمیشہ صیہونی جرائم اور فلسطینیوں کے قتل کی حمایت کی ہے۔ تمام امریکی انتظامیہ کے مقاصد ایک جیسے ہیں، صرف ان کی حکمت عملیوں میں فرق ہے۔ ہمیں امریکیوں پر امیدیں باندھنے کے بجائے اپنی طاقت اور اپنے دوستوں پر بھروسہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے لبنانی عوام پر زور دیا کہ وہ امریکہ کی لعنت کے سامنے ہتھیار نہ ڈالیں، جس کا واحد مقصد اسرائیلی حکومت کی حفاظت کرنا ہے۔ انہوں نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان حالیہ حد بندی کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے یہ معاہدہ لبنان کی خاطر نہیں کیا، بلکہ خطے کو جنگ سے بچانے کے لیے کیا کیونکہ اس کی ترجیحات اب یوکرین، روس اور توانائی ہیں۔ اسرائیل کے حالیہ انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے حسن نصراللہ نے کہا کہ اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اسرائیلی انتخابات کون جیتے، وہ سب ظلم اور ایک دوسرے سے بدتر ہیں، تمام اسرائیلی حکومتیں ایک جیسی ہیں ۔ یہ انتخابات صیہونی حکومت کے اندرونی تنازعات پر اثرانداز ہوتے ہیں اور حکومت کے زوال کو تیز کرتے ہوئے گہری تقسیم کو مزید بڑھا دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیتن یاہو سمندری معاہدے کو منسوخ نہیں کر سکیں گے۔

































