
تہران : ایران سے تیل لے کر لبنان جانے والے ٹینکروں کے قافلے پر عراق اور شام کی سرحد پر حملہ ہوا ہے۔ 22 ٹینکروں کےقافلے کو عراق کی القائم سرحدی گزر گاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا۔امریکی ڈرونز نے دو آئل ٹینکرز پر میزائل داغے۔ جس سے ان میں آگ لگ گئی۔ عراقی میڈیا کے مطابق چار دھماکوں سے القائم بارڈر کراسنگ لرز اٹھی۔ علاقے پر جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی پروازیں سنائی دیں۔ عراقی ترجمان نے واضح کیا کہ عرب ملک سے ٹینکروں کا داخلہ اور اخراج مکمل طور پر سرکاری اور قانونی ہے اور یہ تینوں ممالک ایران، شام اور عراق کے معاہدے پر مبنی ہے۔

































