
غزہ: صیہونی فوج نے چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ پر حملے کرکے مزید باون فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی کردئے۔ جبکہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر ایک اور ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔صیہونی فوج نے صبح سویرے غزہ سٹی میں النصر اسٹریٹ پر لگے خیمے پر ڈرون حملہ کیا جس میں پانچ فلسطینی شہید ہوگئے۔ بیپٹسٹ اسپتال کے قریب لگے خیمے کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں چار شہادتیں ہوئیں۔
البریج پناہ گزین کیمپ میں اپارٹمنٹ اور دیر البلاح میں ٹیکنیکل کالج کے سامنے خیموں پر ڈرون حملوں میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ جبکہ بھوک کی شدت سے مزید دو فلسطینی شہید ہوگئے۔
ادھر تیونس کے پانیوں میں صمود فلوٹیلا میں شامل برطانوی پرچم بردار کشتی الما پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ حملے سے کشتی کے اوپری ڈیک پر آگ لگ گئی۔ منتظمین نے کہا ہے کہ یہ حملے ہمارے مشن کو بھٹکانے اور پٹڑی سے اتارنے کی ایک منظم کوشش ہے لیکن ہمارا مشن بغیر روک ٹوک جاری رہے گا۔


































