
کابل: اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے رواں ماہ سے مزید 20 لاکھ افغان باشندوں کو امدادی خوراک کی ترسیل منقطع کردی۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مالی وسائل کی شدید کمی کے نتیجے میں اور بہت مجبور ہو کر رواں ماہ مزید بیس لاکھ افغان شہریوں کو امدادی خوراک کی تقسیم روک دی جائے گی۔ جس سے امداد سے محروم افراد کی تعداد ایک کروڑ ہوجائے گی۔ بیان کے مطابق ادارہ ہر ماہ صرف تیس لاکھ افراد کو ہی خوراک کی اشیا مہیا کرسکے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھوک اور غذائی قلت کی تشویشناک صورتحال میں ادارہ بھوکے اور بھوک سے مرتے افراد میں سے کسی ایک کے انتخاب پر مجبور ہیں۔ ادارہ کے کنٹری ڈائریکٹر اور افغانستان میں نمائندے حسیاؤ وی لی نے کہا کہ ہم اپنے پاس موجود وسائل سے ان تمام لوگوں کی خدمت کرنے کے قابل نہیں ہیں جو مکمل طور پر بدحالی کے دہانے پر ہیں۔


































