
نئی دہلی: سعودی عرب نے ہندوستان ۔ مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان اقتصادی راہداری کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا اعلان کردیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نئے اکنامک کوریڈور سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اعلان نئی دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ بن سلمان نے کہا کہ اکنامک کوریڈور میں بجلی اور ہائیدروجن کے لیے پائپ لائن بھی شامل ہوں گی۔ یہ پراجیکٹ ہمارے مشترکہ مفادات اور ایک دوسرے پر باہمی معاشی انحصار کو بڑھانے کے حصول میں مددگار ہوگا۔ انہوں نےکہا کہ یہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور بحالی میں تعاون کرے گا جس میں ریلوے، اور بندرگاہیں شامل ہیں اور اس سے سامان اور خدمات کے تبادلے کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ یہ منصوبہ شرکت کرنے والے ممالک کے درمیان تجارتی تبادلے میں اضافہ کرے گا۔


































