
بیروت : حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ امریکا نے توانائی کے بحران سے متاثرہ لبنان کو ایرانی ایندھن کی کھیپ حاصل کرنے سے روک دیا ہے تاکہ ملک میں اقتصادی بحران مزید بڑھ جائے۔ انہوں نے عراق کے راستے لبنان آنے والے آئل ٹینکرز کے قافلے پر حملے کی مذمت کی اور کہاکہ امریکا نے لبنان کو 600 ہزار ٹن ایرانی ایندھن حاصل کرنے سے روک دیا جس کی مالیت 35 کروڑ ڈالر بنتی ہے اور اس سے کئی ماہ تک روزانہ 5 سے 6 گھنٹے تک بجلی فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس ہفتے کے اوائل میں حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے نائب صدر شیخ علی دموش نے کہا تھا کہ امریکا لبنان میں بحرانوں کو مزید گہرا کرنا اور بڑھانا چاہتا ہے اور ملک کو سماجی تباہی کے دہانے پر دھکیلنا چاہتا ہے۔

































