
واشنگٹن: امریکا کے اسٹمسن سینٹر میں چائنا پروگرام کی ڈائریکٹر ین سن نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات پر تبصرہ کرنا امریکا کو زیب نہیں دیتا کیوں کہ دونوں ممالک کے تعلقات سے نہ تو امریکا کا کوئی لینا دینا ہے اور نہ ہی اس پر انھیں منہ بنانا چاہیئے۔ ین سن نے واشنگٹن میں پاک امریکا تعلقات پر سیمینار سے خطاب میں کہا کہ پاکستان پر چین کے قرضوں کو از سر نو اقساط کرانے کے لیے امریکی دباؤ درست نہیں۔ امریکا کا اس تمام معاملے سے کوئی لینا دینا اور نہ ہی پاک چین تعلقات پر امریکا کو منہ بنانا چاہیئے۔ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات جنوبی ایشیا کے لیے چین کی مجموعی حکمت عملی کا ایک عنصر تھے لیکن چین پُر اعتماد ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ تاہم ین سن نے یہ بھی کہا کہ چین پاکستان کے حوالے سے اپنی پالیسی اور توقعات کو بھی دوبارہ ترتیب دے رہا ہے، خاص طور پر سی پیک کے حوالے سے اور اس میں ایک خوش آئند رویہ ہے کہ پاکستان اپنی بیرونی حکمت عملی کو دوبارہ متوازن کرتے ہوئے امریکا سے رابطہ کر رہا ہے۔ پاکستان کی توقعات اور بیرونی صف بندی کی حکمت عملی کو چین میں کافی مقبولیت ملی ہے۔سی پیک سب سے اہم مہمات میں سے ایک رہے گا۔

































