
اسلام آباد: پاکستان نے آئی ایم ایف معاہدے کیلئے یوکرین کو ہتھیار فروخت کرنے کا الزام مسترد کردیا۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نےکہا ہے کہ آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج کیلئے یوکرین کو پاکستانی ہتھیاروں کی فروخت کی خبر بے بنیاد ہے۔ پاکستان اس بے بنیاد اور من گھڑت خبر کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پر مشکل لیکن ضروری معاشی اصلاحات کے نفاذ پر بات ہوئی۔ ان مذاکرات کو کوئی اور رنگ دینا مکروہ فعل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان یوکرین اور روس کے درمیان تنازع میں سخت غیر جانبداری کی پالیسی پر کار بند ہے، اس تناظر میں یوکرین کو کوئی اسلحہ اور گولہ بارود فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی دفاعی برآمدات ہمیشہ خریدار کی اشد ضروریات کے تحت ہوتی ہیں۔


































