
اشک آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا نیا خطرہ افغانستان سے سر اٹھا رہا ہے۔ ترکمانستان میں عالمی امن فورم سے خطاب میں پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے کوششیں کر رہا ہے اور افغان سرزمین سے سر اٹھانے والے دہشت گردی کےخطرے سے نمٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری طالبان حکومت پر زور دے کہ وہ اپنی عالمی ذمہ داری پوری کرے اور اپنی سرزمین سے دہشت گردی پر قابو پائے۔ تنازعات کا پُرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حمایت سے غزہ امن منصوبہ منظور ہوا، جنگ بندی کے لیے تعاون پر قطر، ترکیہ، سعودی عرب، یو اے ای اور ایران کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرار داد 2788 پاکستان کے وژن کی تائید ہے، مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی ضروری ہے، 8 عرب اسلامی ممالک کے گروپ کے رکن کی حیثیت سے پاکستان کا امن مشن میں کردار ہے۔


































