
لندن : برطانیہ کی فلاحی تنظیم نے برطانوی فوج کے ہاتھوں 64 افغان بچوں کی ہلاکت کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ فلاحی تنظیم ایکشن آن آرمڈ وائلنس نے حکومتی ادارے سے افغان جنگ میں شہریوں کی ہلاکتوں کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ جواب میں بتایا گیا کہ افغانستان میں برطانوی فوج کے آپریشن میں 64 بچے ہلاک ہوئے۔ برطانوی حکومت نے 4 گنا زیادہ افغان بچوں کی ہلاکت کا ہرجانہ ادا کیا ہے۔ جبکہ اس سے پہلے 16 بچوں کی ہلاکت کو عوامی طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ تر بچے 2006 سے 2014 کے درمیان مارے گئے اور ان کی ہلاکت فضائی حملے اور کراس فائرنگ کے دوران ہوئی۔ اے او اے وی کے مطابق برطانوی افواج کے ہاتھوں افغان شہریوں کی ہلاکتیں اس سے کہیں زیادہ ہیں جتنی بتائی جاتی ہیں۔ جبکہ بچوں کی تعداد 135 تک ہوسکتی ہیں۔ فلاحی تنظیم نے کہا ہےکہ فوج نے 881 شہریوں کی ہلاکت کے دعوے مسترد کردئے اور صرف ایک چوتھائی کو معاوضہ دیا گیا۔

































