
کربلا: کربلا میں حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی جانب سے اس سال اربعین میں شرکت کرنے والے زائرین کی تعداد کے اعداد و شمار جاری کئے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال دو کروڑ بیس لاکھ 19 ہزار 146 افراد نے اربعین میں شرکت کی۔ اربعین حسینی کے زائرین کی گنتی کا عمل الیکٹرانک سسٹم کے حامل معیاری کیمروں کے ذریعے انجام پاتا ہے۔ یہ کیمرے کربلا شہر کے داخلی راستوں پر زائرین کی درست گنتی کے ہدف کے تحت نصب کئے جاتے ہیں۔ روضے کے متولی سید احمد الصفی کے حکم پر 20 صفر کو دوپہر 12 بجے سے الیکٹرانک گنتی کا نظام بند کر دیا جاتا ہے اور کربلا میں داخل ہونے والے زائرین کی مجموعی تعداد کے اعداد و شمار جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کی گنتی کا عمل نئی ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے اس شعبے میں مہارت رکھنے والی تکنیکی ٹیم کی نگرانی میں انجام پاتا ہے جو اس تکنیکی نظام کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے۔


































