
افغانستان میں جنگی جرائم کی تحقیقات سے روکنے کیلئے امریکا نے عالمی فوجداری عدالت کے عہدیداروں پر پابندی لگادی،عدالت کینگرو کورٹ قرار
ٹرمپ نے قانون کی حکمرانی میں مداخلت کی کوشش کی ،عدالتی ترجمان، امریکی اقدام سنگین تشویش کا معاملہ ہے،یورپ، فیصلہ قابل مذمت ہے، برطانیہ
واشنگٹن(نیوز ڈیسک) عالمی فوجداری عدالت نے امریکی پابندیاں مسترد کرتے ہوئے جنگی جرائم کی تحقیقات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ برطانیہ ،یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے امریکی فیصلے کی مذمت کی ہے،تفصیلات کے مطابق امریکا نے افغانستان میں جنگی جرائم کی تحقیقات کرنے والی عالمی فوجداری عدالت کے عہدیداروں پر پابندی لگادی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوجیوں، انٹیلی جنس حکام اور اتحادی ممالک کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات سے روکنے کیلئے ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا، وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ہم کینگرو عدالت کے ساتھ نہیں کھڑے ہوسکتے اس سے ہمارے لوگوں کو خطرہ ہے ، ویزا پابندیوں کی زد میں عہدیداروں کے اہلخانہ بھی آئیں گے،امریکی اٹارنی جنرل ولیم بار نے کہا کہ امریکا عدالت کے تنظیمی دائرہ کار میں ممکنہ بدعنوانی کی تحقیقات کرے ، عالمی عدالت نے امریکی فیصلے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ نے قانون کی حکمرانی میں مداخلت کی کوشش کی ،عدالت پر امریکی حملے ناقابل قبول ہیں،عدالتی ترجمان نے کہا کہ امریکی اقدامات عالمی عدالت کے اہلکاروں پر اثر انداز ہونے کی ناکام کوشش ہے، عدالت پر حملہ دراصل مظالم کا شکا ربے گناہوں پر حملہ ہے،امریکا نے احتساب کو یقینی بنانے کی کوشش کو نقصان پہنچایا، ترجمان کے مطابق افغانستان میں جنگی جرائم کی تحقیقات کی اجازت 2017میں طلب کی تھی، استغاثہ کا کہنا ہے کہ امریکی ، افغان فوج اور سی آئی اے جنگی جرائم کی مرتکب ہوئی تھیں، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے سینئر عہدیداروں نے آئی سی سی کے عہدیداروں کے خلاف امریکی فیصلے پر تنقید کی ہے، یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل نے عالمی فوجداری عدالت کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ امریکی اقدام سنگین تشویش کا معاملہ ہے، انہوں نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ عدالت کے احترام کو باقی رکھتے ہوئے اسکی حمایت کریں، امریکا کے قریبی اتحادی برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے کہا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت کو عالمی جرائم کے سلسلے میں پوری غیر جانبداری کے ساتھ تحقیقات کرنے کا حق حاصل ہونا چاہئے ،ان کا ملک عالمی جرائم کی روک تھام کیلئے عالمی فوجداری عدالت کے کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔


































