
نائیجیریا کے شہر کادونااور زاریا میں سیکیورٹی فورسز کی جلو سوں کو روکنے کیلئے فائرنگ، کادونا میں 2جبکہ زاریا میں ایک شہید ، گولیاں لگنے سے کئی عزادار زخمی
مقبوضہ وادی میں محرم الحرام کے جلوسوں کو روکنے کیلئے طاقت کا بے دریغ استعمال،جلوسوں پر شیلنگ اور فائرنگ، متعددعزادار زخمی ، کئی گرفتار
ابوجا/سری نگر (نیوز ڈیسک) نائیجیریا اور مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر عاشور ہ کے جلو س پر حملہ کرکے تین عزاداروں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا،تفصیلات کے مطابق نائیجیریا کے شہر کادونا میں سیکیورٹی فورسزنے پابندی کے باجود جلو س نکالنے پر عزاداروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے 2 عزاداروں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا،زائریا شہر میں بھی سیکیورٹی فورسزنے جلوس روکنے کیلئے شیلنگ اور فائرنگ کی جس سے ایک عزادار شہید اور کئی زخمی ہوگئے ، فورسز کے حملوں کے باوجود عزاداروں نے شہدائے کربلا کا غم نہایت عقیدت اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا ، زاریا اورکادونا کے علاوہ سوکوتو میں بھی جلوس عزا نکالے گئے اور عزاداروں نے سڑکوں پر ماتم کر کے شہدائے کربلا کے غم میں اشک غم بہائے ،دوسری جانب ظالم بھارتی حکومت نے وادی بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں کو روکنے کیلئے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا، سرینگر کے لال چوک سے 50 سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا، کئی افراد زخمی بھی ہوئے، حسن آباد‘ بڈگام اور بارہ مولہ میں بھی قابض افواج نے جلوس پر دھاوا بولا، عزاداروں کو منتشر کرنے کےلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی،عزاداروں کیخلاف پیلٹ گن کا بھی استعمال کیا گیا


































