
بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب، پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کے سامنے پیش کردیے
سی پیک کے خلاف بھارت نے 700 افراد پر مشتمل ملیشیا ترتیب دی ہے، الطاف حسین گروپ، طالبان اور کالعدم بلوچ تنظیموںکو اسلحہ اور رقوم فراہم کی گئیں
بھارت سے دہشتگردی کے لیے افغانستان رقوم بھیجی گئیں،حملوں کی ویڈیوز افغانستان سے اپ لوڈ کی گئیں،پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھ دئے
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان نے بھارت کی دہشت گردی کی سرپرستی کے قابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھ دیئے، وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور فوجی ترجمان میجر جنرل بابر افتخارنے مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ بھارت نے الطاف حسین گروپ، طالبان اور کالعدم بلوچ تنظیموںکو اسلحہ اور رقوم فراہم کیں،وہ آزاد جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان ، فاٹا اور بلوچستان میں قوم پرستی کو ہوا دے رہا ہے،آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیموں کی تمام کارروائیوں کے پیچھے بھارت ہے، افغانستان میں موجود بھارتی کرنل راجیش دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہے جب کہ بھارت نے حال ہی میں 30 داعش دہشتگردوں کو پاکستان اور ارد گرد منتقل کیا ، بھارتی ایجنسی ’را‘ اپنے فرنٹ مین کو تیسرے ممالک کے ذریعے فنڈنگ کرتی ہے، بھارت سے دہشتگردی کے لیے افغانستان رقوم بھیجی گئیں ، سی پیک کے خلاف بھارت نے 700 افراد پر مشتمل ملیشیا ترتیب دی ہے ، بھارت کئی تنظیموں کو ہتھیار، آئی ای ڈی اور خود کش جیکٹس فراہم کر رہا ہے، را نے ٹی ٹی پی کو بھی ہتھیار، خود کش جیکٹس اور آئی ای ڈیز فراہم کی،ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ڈاکٹر اللہ نذر کے بھارتی ’را‘ کے ساتھ روابط مصدقہ ہیں، ڈاکٹر اللہ نذر نے جعلی افغان پاسپورٹ پربھارت کا سفرکیا، بی ایل اے اور بی ایل ایف گوادر میں پرل کانٹی نیٹل ہوٹل پر حملوں میں ملوث تھے جب کہ پشاور ایگری کلچر یونیورسٹی اور اے پی ایس میں بھی ’را‘ ملوث تھی، ان حملوں کی وڈیوز افغانستان سے آپ لوڈ کی گئیں ان کاکہنا تھا کہ بھارت آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دہشتگردی میں ملوث ہے، بھارت نے پاکستان میں اہم شخصیات کو قتل کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملک فریدون کے بھی بھارتی خفیہ ایجنسی سے روابط تھے، اے پی ایس پشاور حملے کے بعد ملک فریدون جشن منانے کے لیے افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ گیا ، پی سی گوادر حملے کا ماسٹرمائنڈ را افسر انوراگ سنگھ تھا۔


































