
مقبوضہ جموں و کشمیر میں ابلاغی پابندیوں کے باعث بنیادی حقوق پامال ہو رہے ہیں، بھارت نے کشمیری عوام کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی بھی انتہائی محدود کر دی ہے
پابندیوں کے باعث کورونا وبا کے دوران طبی عملے کیلئے معلومات حاصل کرنا بھی مشکل ہو گیا،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی آزادی رائے سے متعلق رپورٹ
نیویارک(نیو ز ڈیسک) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ایک اور رپورٹ میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے آزادی رائے کے فروغ و تحفظ سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا خصوصی ذکر شامل کیا گیا ہے،کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ابلاغی پابندیوں کے باعث بنیادی حقوق پامال ہو رہے ہیں، وادی کے عوام کو بھارت پابندیاں لگا کر سزا دے رہا ہے، بھارت نے کشمیری عوام کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی بھی انتہائی محدود کر دی ہے ، مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں کے باعث کورونا وبا کے دوران طبی عملے کے لیے اہم معلومات حاصل کرنا بھی مشکل ہو گیا ، اُدھر عالمی یوم آزادی صحافت پر اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی بندش سے معلومات کا حصول مشکل ہو گیا، کورونا وبا کے دوران معلومات کے لیے انٹرنیٹ کا حصول انتہائی ضروری تھا، اور طبی عملے کو صحت سے متعلق بین الاقوامی معلومات حاصل کرنی تھیں،دوسری جانب چیئرمین کشمیر کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی کی صورت حال کا نوٹس لے ۔


































