
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے عاشورہ یونیورسٹی آف ایرو اسپیس سائنسز اینڈ ٹیکنالوجیز میں ایرو اسپیس فورس کی پیشہ وارانہ ترقی کے تازہ ترین نمونوں کی نمائش کا دورہ کیا۔ اس نمائش میں میزائل، ڈرون، دفاعی اور خلائی نمونے شامل تھے جہاں نوجوان سائنسدانوں اور سپاہ پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے ماہرین کی تازہ ترین کامیابیوں کو “آئیڈیا سے آل ایرانی پروڈکٹ تک” کے عنوان سے دکھایا گیا تھا۔
نمائش میں رہبر معظم انقلاب اسلامی نے “فتح 2” ہائپرسونک کروز میزائل، “مہران” موبائل ڈیفنس سسٹم اور جدید ترین “9D” سسٹم کے ساتھ ساتھ “شہید 147” ڈرون کی نقاب کشائی کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ولی امر المسلمین نے کہا کہ کچھ اسلامی ممالک نے غزہ میں صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت کی ہے جبکہ باقی ممالک کنارے بیٹھے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کی لائف لائن منقطع کر دینی چاہئے۔ مسلم حکومتوں کو توانائی اور اہم سامان اسرائیل تک پہنچنے سے روکنا چاہیے۔ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اقوام عالم کو اپنا احتجاج جاری رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں صیہونی حکومت کی شکست یقینی ہے۔ اسپتالوں اور گھروں میں داخل ہونا کوئی کامیابی نہیں ہے۔ صیہونی حکومت غزہ میں بمباری کر کے بھی حماس کو تباہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ صیہونی حکومت کی ناکامی امریکا اور مغربی ممالک کی بھی ناکامی ہے۔