
اسلام آباد: نگراں وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کا افغان حکومتوں سے تعلق اچھا نہیں رہا۔ کابل نے پاکستان بننے اور اسے تسلیم کرنے کی مخالفت کی تھی۔ افغانستان سے پہلے پاکستان کے خلاف پراکسی لڑی گئی۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ افغان شہریوں سے ہمارا بھائی چارہ ہے، جو قیامت تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک میں خانہ جنگی نہیں، وہاں سےغیر ملکی جاچکے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان غیر ملکیوں کو بھیجنے کا فیصلہ کیا جن کے پاس دستاویزات نہیں، یہ کارروائی افغانوں کے خلاف نہیں بلکہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف ہے۔ سینیٹر سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ کوئی شخص بغیر ویزہ کے افغانستان جا کر دکھا دے، افغان شہری یہاں کاروبار کرنا چاہتے ہیں تو ویزا لیں اور آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں سے بدسلوکی پر 2 ایس ایچ اوز معطل ہوچکے ہیں، ہم نے غیرقانونی مقیم افراد کی واپسی کے لیے ہر سطح پر کمیٹی بنائی ہے۔