
کراچی: مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں متحد ہوگئیں۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی کی جانب سے یکجہتی فلسطین آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد شہید حمید علی بھوجانی ہال میں کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی ،مذہبی و سماجی جماعتوں بشمول متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، جی ڈی اے، تحریک انصاف، جے یو پی، مرکزی مسلم لیگ، پاکستان عوامی تحریک اہلحدیث رابطہ کونسل، شیعہ علماء کونسل، جعفریہ الائنس، ذاکرین امامیہ اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس سے صدارتی خطاب میں مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اسرائیل غاصب ریاست ہے۔ گزشتہ 75 سالوں سے اسرائیل نے فلسطینیوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور بچوں، خواتین، جوانوں اور بزرگوں کا بے رحمی سے قتل عام کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے خطاب میں کہا کہ مسئلہ فلسطین امت مسلمہ کا بنیادی مسئلہ ہے۔ 35 روز سے فلسطین میں اسرائیلی بربریت جاری ہے۔ رہنما پی پی پی قادر خان مندوخیل نے کشمیر اور افغانستان کی طرح فلسطین کیلئے ملکی سطح پر فنڈ قائم کرنےکا مطالبہ کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسرائیل و امریکا اس دور کے یزید ہیں، دور حاضر کے یزید کےخلاف ملکی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنا کردار حسین ابن علی علیہ السلام کی طرح ادا کرنا ہوگا۔
شرکا نے شہدائے فلسطین کو خراج عقیدت پیش کیا اور فلسطینی بہن بھائیوں کی بھرپورحمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔