
لندن: دنیا بھر میں فلسطینیوں پر مظالم کیخلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے اتوار کو بھی جاری رہے۔ برطانیہ۔ فرانس اور اسپین سمیت کئی ممالک کے دارالحکومتوں اور بڑے شہروں میں ریلیوں اورمظاہروں کا اہتمام کیا گیا۔
مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور فوری جنگ بندی کامطالبہ کیا۔ لندن میں بھی احتجاجی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ آسٹریلیا میں سڈنی اور میلبرن سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔
پیرس میں موسلا دھار بارش کے باوجود ہزاروں افراد سڑکوں پر آگئے۔ نیوزی لینڈ کے دارالحکومت آکلینڈ میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے اسرائیلی قونصل خانے کو سرخ رنگ سےرنگ دیا۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈ کوارٹر کے سامنے غزہ کے نقشے کے طور پر شمعیں روشن کی گئیں۔ ایمسٹریڈم میں غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ لئے دو احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
لزبن میں بھی ہزاروں افراد نے احتجاجی مارچ کیا۔ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں سینکڑوں افراد نے اسرائیلی سفارت خانے تک مارچ کیا۔ ترکیہ کے دارالحکومت استنبول میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔