
اسلام آباد: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اسرائیل کے غیر انسانی مظالم پر انسانیت بھی شرمسار ہے، خاموش مسلم حکمران اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، جنہیں تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، چالیس روز سے جاری بارود کی بارش کو فلسطینی مظلومین نے ایمانی طاقت سے برداشت کیا ہے، فلسطین کے غیور و شجاع عوام کی استقامت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انکا عزم و استقلال ان اقوام اور حکمرانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے جو تمام وسائل کے باوجود یہود ونصاریٰ کے تلوے چاٹنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل اپنی تمام تر درندگی اور سفاکیت کے باوجود ناکام و نامراد ہو چکا ہے، اسے راہ فرار نہیں مل رہی اپنی لاچارگی اور بے بسی کی خفت سے بچنے کے لیے نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کر رہا ہے ، امریکہ کے بلا واسطہ جنگ میں شریک ہونے کے باوجود شکست انکا مقدر بن چکی ہے، فلسطینی عوام کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں، وہ چالیس روز کا چلہ کاٹ چکے ہیں، اب یہ جنگ جس قدر طول پکڑے گی اسرائیلی وجود اتنا ہی نابودی کے قریب ہوتا جائے گا۔