
غزہ : صیہونی فوج نے نصیرات اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر میزائل داغ دئے۔ حملوں میں مزید 25 فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ جنگی طیاروں نے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر ایک بار پھر بم برسائے۔ حملے میں دو رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں اور خواتین و بچوں سمیت بیس فلسطینی شہید اور متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ کچھ دیر بعد جبالیہ کیمپ پر بھی ایک مکان پر میزائل داغا کیا اس حملے میں بھی پانچ فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی بمباری میں اب تک فلسطینی شہدا کی تعداد 13 ہزار 300 ہوگئی ہے جس میں ساڑھے پانچ ہزار بچے شامل ہیں۔ غزہ کے سرکاری میڈیا کے مطابق اب تک اسرائیل فضائی حملوں میں 253 مساجد کو نشانہ بناچکا ہے۔ بمباری سے 83 مساجد مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ جبکہ 170 کو جزوی نقصان پہنچا۔ اسرائیل جان بوجھ کر مسجد کو نشانہ بنارہا ہے۔