
اسلام آباد: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے تک آزادی فلسطین مارچ کیا گیا۔ مارچ میں ہزاروں مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی ۔پر شکوہ اجتماع کے شرکاء نے فلسطینی و پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اسرائیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔ فضا اسرائیل اور امریکا کےخلاف نعروں سے گونج اٹھی۔ اجتماع سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا آج کا یہ عظیم اجتماع بصیرت و آگاہی کا ثبوت ہے۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنا شیطان اور ابلیس سے تعلقات استوار کرنا ہے، پاکستان کی سرزمین پر اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے کی کبھی اجازت نہیں دینگے، وہ دن آئے گا پاکستان کا بچہ بچہ فلسطین کے لئے نکلے گا، شیعہ سنی مل کر نکلیں گے۔
جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ ہمیں وحدت کا اظہار کرتے ہوئے یہ پیغام دینا چاہیئے کہ غزہ کے شہداء کا خون ہمارا خون ہے، مسلم حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے کہ وہ بے حسی کی بدترین مثال بنے ہوئے ہیں، فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اولین مقصد ہونا چاہیے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ میں فلسطینی عوام کے لیے منعقدہ اس ایمان افروز اجتماع کے لیے آپ باضمیر پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم او آئی سی کے بے نتیجہ اجلاس کی مذمت اور افسوس کرتے ہیں، انہیں دوبارہ سے مل بیٹھ کر عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں۔
اجتماع سے سید صفدر حسین گیلانی، مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصر عباس شیرازی، صوبائی صدور ایم ڈبلیو ایم علامہ جہانزیب علی جعفری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔