
بیجنگ : چین نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی بحالی میں مدد کیلئے آمادگی ظاہر کردی۔ غزہ جنگ پر صرف بیانات دینے والے عرب ممالک کی بیجنگ آمد۔ سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کے وزرا کے وفد نے چین کے دارالحکومت بیجنگ کا دورہ کیا اور چینی وزیرخارجہ وانگ ای اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ غزہ میں فوری طور پر لڑائی اور ہلاکتوں کو روکنا چاہیے اور غزہ میں انسانی امداد پہنچانا چاہیے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نےکہا کہ چین تاریخی طور پر فلسطینیوں کا ہمدرد رہا ہے۔ غزہ میں انسانی تباہی پھیل رہی ہے اور اسے روکنا ضروری ہے۔ چین تنازعہ میں انصاف کے ساتھ مضبوطی سےکھڑا ہے۔ اسرائیل حماس جنگ کے باعث مشرقِ وسطیٰ کا امن خطرے میں پڑ گیا، جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لیے چین اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔